حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نجف اشرف آج رہبر شہیدِ امت امام سید علی خامنہ ای اور ان کے شہید خاندان کی تاریخی تشییع میں عراقی عوام کے تمام طبقات کی بے مثال اور وسیع شرکت کا مشاہدہ کر رہا ہے۔ شرکاء نے پرجوش شرکت اور مذہبی و حماسی نعروں کے ذریعے اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور مقاومت کے راستے کو جاری رکھنے اور امت اسلامی کے اتحاد کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔ مراسم کا ماحول جذبات، آنسوؤں، دعاؤں اور یکجہتی سے بھرا ہوا ہے اور بہت سے حاضرین نے اس شرکت کو اسلام، مرجعیت اور اسلامی مقاومت کے آرمانوں کے ساتھ تجدید عہد قرار دیا۔
ماہرین کے مطابق، عراقی عوام کی اس وسیع شرکت، عراقی قوم، شیعہ مرجعیت، جمہوریہ اسلامی ایران اور مقاومتی محاذ کے درمیان گہرے تعلق کی علامت ہے۔ یہ تعلق دینی عقائد، مشترکہ تاریخی ورثے اور مشترکہ آرمانوں پر مبنی ہے۔
رہبر شہید (رہ) کے پیکر کے استقبال کی مراسم سے قبل، عراقی "مراسم انتظامیہ کمیٹی" کا ایک اعلیٰ سطحی وفد نجف اشرف ہوائی اڈے پر پہنچا۔ یہ وفد سرکاری اور عوامی استقبالیہ مراسم میں شرکت کے لیے نجف اشرف پہنچا تھا۔
اس کے ساتھ ہی تشییع و نماز جنازہ مراسم کی اعلیٰ کمیٹی نے اعلان کیا کہ مقدس شہروں نجف اشرف اور کربلائے معلی میں ان مراسم کے شاندار انعقاد کے لیے تمام لاجسٹک اور تکنیکی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
یہ عظیم اجتماع، خطے کی قوموں کے اتحاد اور ہمدردی کے علاوہ یہ واضح پیغام بھی دیتا ہے کہ مقاومتی محاذ کو اب بھی عوامی حمایت حاصل ہے اور اس کے خلاف کوئی بھی دھمکی یا دباؤ، مسلم اقوام کی یکجہتی اور استقامت سے ناکام ہو جائے گا۔
یہ مراسم گزشتہ شب سے عراق اور ایران کے حکام کے ہوائی اڈے پر استقبال کے ساتھ شروع ہوئے اور آج نجف اشرف و کربلا میں عزاداروں کی بڑی تعداد، قرآن کریم کی تلاوت، نوحہ خوانی اور اتحاد پر مبنی نعروں کے ساتھ جاری ہیں، جس نے عراقی عوام کی شہید رہبر انقلاب اسلامی کے ساتھ محبت، وفاداری اور یکجہتی کے یادگار مناظر پیش کیے ہیں۔
عراقی عوامی تحریک، حشد الشعبی نے اعلان کیا ہے کہ نجف اشرف میں رہبر شہیدِ امت کی تشییع میں 23 لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی۔
عراق کے وزیراعظم علی فالح الزیدی بھی رہبر شہیدِ امت سید علی خامنہ ای کے پیکر کے استقبالیہ مراسم میں شرکت کے لیے نجف اشرف صوبے پہنچے۔
عراق کے سیکورٹی میڈیا اسٹاف کے سربراہ بریگیڈیئر سعد معن نے نجف اشرف کے گورنر یوسف کناوی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ رہبر شہید حضرت آیت اللہ العظمیٰ امام سید علی حسینی خامنہ ای (قدس سرہ) کی تشییع کے لیے کربلائے معلی اور نجف اشرف میں تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان مراسم کی میڈیا کوریج کے لیے 3000 سے زائد صحافی موجود ہیں۔
صوبہ کربلا کے گورنر کے مطابق رہبر شہیدِ امت کی تشییع میں 7 ملین سے زائد افراد کے شرکت کرنے کی توقع ہے۔









آپ کا تبصرہ